مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہید اسماعیل ہنیہ کی پہلی برسی کی مناسبت سے حماس نے غزہ پر جاری اسرائیلی مظالم، محاصرے، اور انسانی بحران کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کی اپیل کی ہے۔
حماس نے اتوار کے دن کو یومِ حمایتِ غزہ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے دنیا بھر کے انسان دوست اور حریت پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تل ابیب اور واشنگٹن کے سفارت خانوں کے سامنے بھرپور مظاہرے کریں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی بربریت اور غزہ میں مسلط کردہ قحط و فاقہ کشی کے خلاف خاموش نہ رہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دنیا بھر کی اقوام اور آزادی پسند تحریکوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اتوار کے روز اپنے اپنے ملکوں میں اسرائیلی اور امریکی سفارتخانوں کے سامنے مظاہرے کریں اور غزہ میں جاری محاصرے، قتلِ عام اور بچوں کی بھوک سے ہونے والی شہادتوں پر اپنا احتجاج درج کروائیں۔
حماس نے اس دن کو ظلم کے خلاف ایک عوامی بیداری کی علامت قرار دیا ہے اور دنیا بھر کی عدالتوں، میڈیا اداروں اور حقوق انسانی کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کریں۔
آپ کا تبصرہ